عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں

پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن یوتھ کے عہدیداروں و کارکنان پر مشتمل ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل ریلی کا 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے آغاز ہوا۔ ریلی کے شرکاء نے مزار قائد پر حاضری اور دعا کے بعد اپنے ملک گیر قومی سفر کا آغاز کیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خرم نواز گنڈاپور نے عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان دہشت گردوں، رشوت خوروں، ظالموں کا وطن عزیز سے صفایا کرینگے۔ نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کی کرپشن سے پاک پرامن پاکستان کی فکر کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کسی تحریک کے نوجوان ملک و قوم کی محبت میں سائیکلوں پر 30 روزہ ملک گیر سفر پر نکل رہے ہیں۔ اس کاروان کا پیغام امن، محبت، بین الصوبائی ہم آہنگی کا فروغ اور اتحاد بین المسلمین ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج کرپشن کی وجہ سے پاکستان کا اسلامی فلاحی اور جمہوری امیج بری طرح مجروح ہو چکا ہے۔ اگر کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل نہ کی تو آئندہ نسلوں کا مستقبل بھی تاریک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قوموں کرپشن کرنے والے لیڈروں کو اتنا عرصہ برداشت نہ کرتیں جتنا یہاں پاکستان میں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس ہو یا سرل لیکس تاریخ لکھی جارہی ہے کہ کن شخصیات اور انصاف کے اداروں نے اپنا قانونی اور پاکستانی کردار ادا کیا اور کن عناصر نے کرپٹ کرداروں کو آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی، اخلاقی تحفظ دیا۔ یہ دونوں کردار تاریخ کا حصہ بنیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر علوی نے کہا کہ ضرب امن و تبدیلی نظام سائیکل کارواں 30 دن کے سفر کے بعد پشاور اے پی ایس سکول پہنچے گا جہاں شہداء بچوں کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارواں میں یوتھ ونگ کے کارکنان کے علاوہ 10 پروفیشنل سائیکلسٹ بھی شامل ہیں یہ کارواں کراچی سے حیدر آباد، گھوٹکی، روڑی، نواب شاہ، رحیم یار خان، صادق آباد، بہاولپور سے ہوتا ہوا ملتان اور پھر 5 دسمبر کو لاہور پہنچے گا اور 5 دسمبر کی لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین ہونگے اور لاہور سے یہ قافلہ 16 دسمبر کو مختلف شہروں سے ہوتا ہوا پشاور اے پی ایس سکول پہنچے گا۔

کاروان کی روانگی کے موقع پر امیر تحریک کراچی قاضی زاہد حسین، ناظم تحریک کراچی مرزا جنید علی، سیکرٹری جنرل یوتھ منصور قاسم، فہیم احمد و دیگر نے تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں نوجوانوں، تحریک منہاج القرآ ن کے عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی اور کاروان کو ایک طویل قافلے کی صورت میں کراچی سے روانہ کیا۔

تبصرہ