عوامی تحریک یوتھ ونگ کا نواز شریف کے بیان کیخلاف مظاہروں کا اعلان

کسی ایجنٹ کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی اب قبول نہیں کریں گے : مظہر علوی
نواز شریف غدار تھے، غدار ہیں، غدار رہیں گے کیونکہ ان کا ایمان صرف پیسہ ہے

لاہور (14 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ نواز شریف کے غدارانہ بیان کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کرے گی۔ پاکستان کی یوتھ جاگ رہی ہے، ہم پاکستان کے دفاع کیلئے کٹ مریں گے، کسی مودی کے یار کو پاکستان کیخلاف کھیل نہیں کھیلنے دینگے۔

انہوں نے عوامی تحریک یوتھ ونگ کے ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 کروڑ عوام نواز شریف کے بیان پر تڑپ رہے ہیں اور ہم قومی سلامتی کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس غدار کو گردن سے پکڑ کر جیل میں پھینکا جائے، ہمارے آباؤ اجداد نے جانوں کی قربانیاں دے کر یہ پاکستان حاصل کیا، نواز شریف کے خاندان کا کوئی آدمی تحریک پاکستان میں نہیں مرا۔ یہ جاتی امرا سے پاکستان کاروبار کرنے کیلئے آئے تھے اور ان کا اوڑھنا بچھونا اور دین ایمان صرف پیسہ ہے۔ یہ غدار خوفزدہ ہے کہ اگر کرپشن ریفرنسز پر فیصلے آگئے تولندن کے محلات ضبط ہو جائینگے اور یہ کوڑی کوڑی کو ترسیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ قاتل اور سب سے بڑا جھوٹا شخص ہے، یہ جھوٹا شخص کہتا ہے کہ پاکستان کو سچ بول کر ہی بچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سچ اس وقت سپریم کورٹ کے اندر سے ابھر کر سامنے آرہا ہے اور ابھی مزید سچ سامنے آئیں گے جنہیں پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے مستند جھوٹا قرار دیا وہ سچ کیسے بول سکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکیورٹی رسک ہیں وہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے اس سے زیادہ بھی گر سکتے ہیں، یہ اپنی بچت کیلئے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں بھی اول فول کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 کروڑ عوام سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں، چیف جسٹس قومی سلامتی پر ہونے والے حملے پر سوموٹو ایکشن لیں اور اس غدار کو آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے آرٹیکل 6 کے تحت اندراج مقدمہ کیلئے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے اس قاتل اور غدار گروہ کا ہم پیچھا کرینگے، پاکستان کے نوجوان شریف خاندان کو بے نقاب کرینگے۔ پاکستان کا ایک ایک جوان پاکستان کا سپاہی ہے۔ اب کسی کو مجیب نہیں بننے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے غدارانہ بیان کے بعد ن لیگ کے اندر موجود محب وطن عہدیداران، کارکنا ن قائداعظم کے نظریے پر یقین رکھنے والے تمام عہدیداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں اور انہیں ن لیگ سے اعلان لا تعلقی کر دینا چاہیے جو پاکستان کو گالی دے، جو پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچائے اس کا سوشل بائیکاٹ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ اس قاتل ٹولے کو بے نقاب کرے گی۔

تبصرہ