قاتل برادران سے سیاسی اختلاف نہیں دشمنی ہے، کوئی عہدیدار انکی سیاسی بیساکھی بننے کی کوشش نہ کرے

election 2018

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بطور پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس نظام سے پاکستان اور اس کے عوام کے بھلے کی توقع نہیں، اس نظام کے تحت جتنے مرضی الیکشن کروالیے جائیں سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں میں اضافہ ہو گا، اس نظام کی بنیادیں ہی استحصال، دھن، دھونس اور دھاندلی پر کھڑی کی گئی ہیں، اس نظام کے تحت ہونے والے انتخابات سے اداروں کے خلاف غیر ملکی ایجنڈا رکھنے والی قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا، قومی سلامتی پر ضرب لگے گی اور عوام مزید ذات، برادری، گروہ، مذہب، مسلک کی بنیاد پر تقسیم ہونگے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، اس کے ذیلی فورمز کے کسی عہدیدار یا ممبر نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے ٹکٹ ہولڈرز سے پاکستان بھر میں کسی بھی حلقے میں بلواسطہ یا بلاواسطہ تعاون کی کوشش کی تو سخت ایکشن ہو گا، یہ پالیسی میٹر ہے، اس ضمن میں کسی اگر مگر کو قبول نہیں کیا جائیگا، شریف برادران نے بے گناہ کارکنوں کا خون بہایا، علم اور امن کے فروغ کی اسلامی، عالمی تحریک منہاج القرآن کے خلاف بدترین انتقامی کارروائیاں کیں، اپنی ذات کے تحفظ کیلئے اغیار کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت کے قانون کو بدلنے کی ناپاک حرکت کی، ملک لوٹا، عوام کا بدترین استحصال کیا، قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنے کی اوچھی مہمات چلائیں، ان کے جرائم ناقابل معافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بیٹے اور بیٹیاں ہر وقت آنکھوں کے سامنے ہیں، قاتل برادران سے سیاسی اختلاف نہیں دشمنی ہے، کوئی عہدیدار انکی سیاسی بیساکھی بننے کی کوشش نہ کرے، ہماری ان سے انصاف بشکل قصاص کی قانونی جنگ ہے اور جب تک کارکنوں کا قصاص نہیں لے لیتے تب تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

تبصرہ