آج کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار چاہیئے: عوامی تحریک یوتھ ونگ

65 فیصد نوجوان مربوط پالیسی کے منتظر ہیں: مرکزی صدر مظہر محمود علوی کا خطاب
مستغیث جواد حامد نے اجلاس میں شریک نوجوانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بریفنگ دی
اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی انقلابی فکر کو عام کرنے کے لیے ’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ بیداری شعور مہم کا آغاز

لاہور (2 ستمبر 2018ء) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی قائدین کا اجلاس مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی زیر صدارت عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار امن وخوشحالی کے لیے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور میرٹ پر باعزت روزگارملنا چاہییے، ماضی میں سرکاری نوکریوں پر پابندی لگا کر اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کا استحصال کیا گیا، اب اس کا ازالہ ہونا چاہیے اور 65 فیصد نوجوان مربوط پالیسی کے منتظر ہیں، علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی انقلابی فکر کو عام کرنے کے لیے ’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ کے عنوان سے ملک گیر بیداری شعور مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

مستغیث جواد حامد نے یوتھ ونگ کے مرکزی قائدین کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تازہ ترین قانونی پیشرفت پر بریفنگ دی اور کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا 4 سال سے انصاف اور شریف برادران اور حواریوں کی طلبی کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سنائے جانے کے منتظر ہیں۔

اجلاس سے مرکزی سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، نائب صدر امجد جٹ، نائب صدر عمر قریشی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد انعام مصطفوی، نائب صدر محمد ہارون، سیکرٹری ٹریننگ اسماعیل انعام اور محمد ساجد نے خطاب کیا۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری واحد قومی لیڈر ہیں جنہوں نے نوجوانوں کی تعلیم وتربیت پر سب سے زیادہ توجہ دی، دیگر جماعتوں نے نوجوانوں کو صرف نعروں اور جلسوں کی زینت بنانے کے لیے استعمال کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ وژن ہے کہ 65 فیصد نوجوان ملکی تقدیر بدلنے کی قوت رکھتے ہیں بشرطیکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو استعمال کیا جائے، انہوں نے کہا ’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ کی مہم درحقیقت ملک کے پالیسی سازوں کو یہ باورکروانے کے لیے ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے اور اس خزانے کوبروئے کار لاکر پاکستان کو مائلستان کی بجائے حقیقی معنوں میں نظریاتی وفکری اعتبار سے نخلستان میں تبدیل کیا جائے، انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ ملک بھر کے 60 اضلاع میں یوتھ اسمبلی کے اجلاس منعقد ہونگے اور 6 ستمبر یوم دفاع پر خصوصی تقاریب منعقد کرکے افواج پاکستان کے جری اور جرأت مند شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

تبصرہ