محمد انعام مصطفوی اور زین جٹ کا دورہ جہلم

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد انعام مصطفوی نے 23 ستمبر 2018ء کو ضلع جہلم کا دورہ کیا جس میں تحصیل پنڈ دادنخان شرقی و غربی سمیت تحصیل جہلم میں منہاج یوتھ لیگ کے تحصیلی عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر کو نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے ’’جوانوں کو پیروں کا اُستاد کر‘‘ کے عنوان سے ملک گیر مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں نوجوانوں کی ذہنی و فکری تربیت کر کے معاشرے میں بسنے والے دیگر نوجوان طبقے تک فکر اقبال کو منتقل کیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ تمام تحصیلوں کی تنظیمی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کیلئے فیصلے کئے گئے جن میں یونین کونسلوں کی تنظیمات کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ شمالی پنجاب کے جنرل سیکریٹری زین جٹ نے تمام عہدیداروں کو آگاہ کیا اِس ملک گیر مہم کی تربیت کیلئے ضلعی یوتھ اسمبلی کا اجلاس 28 اکتوبر کو جہلم میں ہوگا جس میں یونین کونسل اور وارڈ سطح تک کے تمام عہدیدار شرکت کریں گے جس کے بعد منہاج یوتھ لیگ ایک نئی سمت پر رواں ہو کر انقلاب کا راستہ ہموار کرے گی۔

ضلعی صدر حنیف مصطفوی کیساتھ جہلم کی تحصیلوں کے تمام ذمہ داران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ تحصیل پنڈ دادنخان میں 16میں سے 12یونین کونسلوں جبکہ تحصیل جہلم میں جہلم سٹی کی تنظیمی عہدیداروں کے صدور اور جنرل سیکریٹرویوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا۔ جہلم سٹی میں خلیل اظہر صدر اور محمد حسیب کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ جس پر تمام عہدیداروں کو مرکزی اور زونل قائدین کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔

تبصرہ