منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام نیشنل میوزیم ایڈیٹوریم کراچی میں یوتھ اسمبلی کا اجلاس

منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام نیشنل میوزیم آڈیٹوریم کراچی میں یوتھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں مرکزی صدر مظہر محمود علوی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں مظہر محمود علوی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے قرار داد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اسمبلی کے سینکڑوں نوجوان وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تعلیمی نصاب میں ابتداء سے لیکر ماسٹرز تک علامہ اقبال کی تعلیمات اور شاعری کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ تعلیمی اداروں میں علامہ اقبال کی دعا کو اسمبلی میں لازمی قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کردار سازی اور تعمیر شخصیت کیلئے ضروری ہے کہ فکر اقبال کو ہر سطح پر نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلیں اقبا ل کے شاہین اور قائد کے سپاہی بن سکیں وگرنہ نوجوانوں کا علمی، فکری، شعوری اور اخلاقی لحاظ سے مستقبل مزید تباہی اور زبوں حالی کا شکار ہو جائے گا۔ 9 نو مبر کو مصور پاکستان حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم ولادت کی چھٹی کو فی الفور بحال کیا جائے اور اس دن کو قومی سطح پر’’Iqbal As National Hero‘‘ کے طور منایا جائے۔

تمام سرکاری اداروں میں اقبال ڈے کی مناسبت سے تقاریب کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستانی معاشرے کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رجحانات کو ختم کرنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا تیار کردہ طلباء کیلئے امن نصاب کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

تعلیمی نصاب میں قرآن و حدیث کی تعلیم کو بھی شامل کیا جائے اور کرپشن کے خلاف بیداری شعور اور ٹیکس کی ادائیگی، شہریوں کے حقوق اور ریاست کے فرائض، آئین کے وہ آرٹیکل کا وہ حصہ جنکا تعلق برائے راست عوامی مفادات سے ہے نصاب میں ضرور شامل نصاب کیا جائے۔ نوجوانوں کو انکی تعلیم، ہنر، قابلیت کے مطابق با عزت روزگار اور بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

ہم حکومت پاکستان بالخصوص صوبائی حکومتوں، وزیر ٹرانسپورٹ اوروزیر ریلوے سے مطالبہ کرتے ہیں طلباء کیلئے دوران اسکول، کالج، یونیورسٹی، مطالعاتی دورہ جات میں کرایہ 50 فیصد لیا جائے اور اسکا اعلان قومی سطح پر کیا جائے تاکہ طلباء کو ریلیف مل سکے۔ ملک میں منشیات جیسی لعنت کا یوتھ سب سے زیادہ شکار ہو رہی ہے حکومت، انتظامیہ منشیات فروشی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کرے۔ اور ہر قسم منشیات کی خرید و فروخت، شیشہ باروں پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور نشے کے عادی مریضوں کے علاج کیلئے فری کونسلنگ اینڈ ٹریٹ منٹ سینٹر قائم کئے جائیں۔

یوتھ اسمبلی سے فہیم خان، بشیر خان مروت، شاہد ملک، صارم نور، شبیر مصطفوی، عاطف جٹ، رمیز احمد، محمد انور، طاہر محسود نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ