شہدائے ماڈل ٹاون کی پانچویں برسی پر مرکزی تقریب میں ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کریں گے

شہدائے ماڈل ٹاون کی پانچویں برسی کے موقع پر 17 جون 2019ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں تقریب ہوگی، قائد تحریک منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 5ویں برسی پر منعقدہ مرکزی تقریب میں ویڈیو لنک پر اہم خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 5ویں برسی پر 300 سے زائد شہروں میں قرآن خوانی کی محافل منعقد ہونگی اور 16 جون بروز اتوار مرکزی قائدین شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی و صوبائی رہنما 16 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر حاضری دینگے، پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ رہنماء شازیہ مرتضیٰ شہید، تنزیلہ امجد شہید، عاصم حسین شہید، غلام رسول شہید، صوفی محمد اقبال شہید، محمد عمر صدیق شہید کی قبروں پر جائیں گے اور صبح ساڑھے 10 بجے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم یادگار شہداء پر اجتماعی دعائیہ تقریب منعقد کرینگے۔

امیر لاہور منہاج القرآن حافظ غلام فرید نے شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ صبح ساڑھے 5 بجے شہداء کی قبروں پر جائینگے جو محمود بوٹی، مناواں لاہور، تاجپورہ، کماہاں، کوٹ لکھپت میں واقع ہیں۔ شیخوپورہ، گوجرانوالہ، دیپالپور، کوٹ مومن، بھکر، نارروال میں بھی مرکزی قائدین شہداء کی قبروں پر جائیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کرینگے۔

تبصرہ