رپورٹ اجلاس مرکزی مجلس شوریٰ

مورخہ 25 جون 2006 بروز اتوار بوقت 10:00 بجے صبح بمقام مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پاکستان بھر سے ممبران شوریٰ نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔

تلاوت و نعت ِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجلاس کا آغاز ہوا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شرکاء شوریٰ کو خوش آمدید کہنے کے بعد اجلاس کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ مصطفوی مشن کی منزل کو حاصل کرنے کے مقاصد میں دعوت و تبلیغ حق، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین اور ترویج و اقامت اسلام شامل ہیں۔ لہٰذا تمام ذمہ داران پر لازم ہے کہ اپنی منزل کے حصول کیلئے مشن کا تعارف کراتے وقت انہی اصطلاحات کو استعمال کریں۔ ورکنگ پلان 2006 تا 2007 کے پیچھے ایک سوچ کارفرما ہے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تحریک میں شامل کیا جائے۔ اس کے بعد تمام ناظمین نے اپنی اپنی نظامت کا ورکنگ پلان ہاؤس کے سامنے پیش کیا۔

محترم ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری نے سندھ، سرحد، بلوچستان اور کشمیر کے ورکنگ پلان پیش کیے اور دیے گئے اہداف کی وضاحت کرتے ہوئے مقامی حالات کے مطابق کام کرنے کا طریقہ اور پالیسی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

محترم احمد نوازانجم نے پنجاب بھر میں تنظیمی و تحریکی اہداف کے حصول پر مبنی ورکنگ پلان پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تحصیلات کو 2 گروپوں (اے اور بی) میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس سال تنظیمی اہداف کو دعوت بذریعہ کیسٹ، دروس قرآن اور ویڈیو پروگرامز کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔

محترم رانا محمد ادریس نے نظامت دعوت کا ورکنگ پلان پیش کیا کہ دروس قرآن کے کام کو مزید تیز اور مستحکم کیا جائے گا۔

محترم سید فرحت حسین شاہ نے نظامت تربیت کا ورکنگ پلان پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کو تکنیکی اور تحریکی محاز پر فیلڈ سے تربیت یافتہ افراد کی دستیابی پرماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے، اس سے عرفان القرآن کورس اور تربیتی کیمپس مرکزی، صوبائی، ڈویژن، اضلاع اور تحصیلات کی سطح پر منعقد کیے جائیں گے جس سے روحانی تربیت کے ساتھ ایک نیک اور صالح معاشرے کے قیام کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا۔

دوسرا سیشن:

محترم ساجد محمود بھٹی نے نظامت یوتھ کا ورکنگ پلان پیش کیا جس کے مطابق یوتھ کے کام کو ازسرنو منظم کرنے کے ساتھ تحریکی مقاصد سے ہم آہنگ یوتھ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

محترم عاقل ملک نے ناظم ویلفیئر نے اپنے ورکنگ پلان میں زلزلہ زدگان اور متاثرہ علاقوں کے علاوہ دنیا بھر کے آفت زدہ اور پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں ہونے والے کام کی رپورٹ ہاؤس کے سامنے پیش کی اور آئندہ سال ویلفیئر کے کام کومربوط و منظم بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی و اصلاحی پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دینے کا ورکنگ پلان پیش کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کا ورکنگ پلان محترمہ فرح ناز نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں شعور کی بیداری اور مشن کے فروغ کیلئے چاروں صوبوں میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص ٹارگٹ کو سو فیصد حاصل کیا جائے گا۔

منہاج القرآن علماء کونسل، نظامت میڈیا اور دیگر شعبہ جات کے ورکنگ پلان بھی پیش کیے گئے۔

ہاؤس نے بھرپور ڈسکشن کے بعد ان ورکنگ پلانز کی منظوری دی۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلی) نے دوسرے سیشن کے اختتام پر شرکاء شوریٰ کی طرف سے تمام سوالات کے تفصیلاً جوابات دیے اور آخر میں حضور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ مصطفوی مشن سے وابستہ لوگوں کو اپنی زندگی کی ترجیحات بدل لینی چاہیں۔ اپنی ذات میں تبدیلی پیدا کرنی چاہیے۔ اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا اللہ اور رسول کی رضا بنالیں، اپنے اخلاق اور کردار کو سنواریں، اپنی طرز زندگی میں، بودوباش میں تبدیلی لائیں۔ ہماری روزمرہ کی زندگی کو دیکھ کر لوگ محسوس کریں کہ یہ واقعتاً کسی سچے مشن کے ساتھ وابستہ ہیں۔ حضور شیخ الاسلام نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو خدا کی بندگی، حضور کی محبت اور مخلوق کی خدمت کے رنگ میں رنگ لیں۔

تبصرہ