تحریک منہاج القرآن کی31 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہی ہو گی۔ حافظ غلام فرید

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے‎
عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے امت مسلمہ کی عظمت و کامیابی اور امن و سلامتی ممکن ہے، اسی سے دہشت گردی و قتل غارت گری کا خاتمہ ہو گا‎
شدید سردی کے باوجود لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے
کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، خواتین کیلئے الگ باپردہ انتظام کیا جائے گا
‎70سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی
عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عالمی میلاد کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کی 31ویں سالانہ اور دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس حسب روایت 11 اور 12 ربیع الاول کی شب 3 جنوری 2015ء بروز ہفتہ کو مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی۔ کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 31ویں عالمی سالانہ میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (مرد و خواتین) شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں امن کے سفیر کے طور جانے جاتے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا شایان شان طریقے سے تذکرہ ایمان کا حصہ ہے اور تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہے، عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے امت مسلمہ کی عظمت و کامیابی، جان و مال کا تحفظ اور امن و سلامتی ممکن ہے۔ اسی سے دہشت گردی و قتل غارت گری کا خاتمہ ہو گا اور مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔ لاہور میں بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگانا شروع کر دئیے گئے ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے مرکزی سطح پر 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس 2015 کے سربراہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے مرکزی سیکرٹریٹ میں انتظامی کمیٹیوں کے عہدیدداران اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سلطان محمود چودھری، طارق الطاف، حاجی اختر، راجہ ندیم، حاجی عبد الخالق، ثناء اللہ خان، حاجی حنیف، ساجد اصغر، الطاف رندھاوا، عثمان حیدر، ڈاکٹر اقبال نور و دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شدید سردی کے باوجود لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے۔ خواتین کیلئے الگ باپردہ پنڈال بنایا جائے گا۔ علماء و مشائخ عظام، نعت خوان اور قرآء حضرات خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں مقتدر مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ اس موقع پرگوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑا جانیوالا اربوں درود پاک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں دیو ہیکل‎ LED سکرینز بھی لگائی جائینگی تاکہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہر خاص و عام کیلئے ضیافت میلاد بھی ہو گی۔ میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوان پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے پوری قوم کو پیغام دیا کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں اور ان بابرکت محافل میں شہدائے پشاور و ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے بڑا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی اور اضطراب سے نجات کا ذریعہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے۔‎

تبصرہ