ڈیل کی الزام تراشی کرنے پر عوامی تحریک کا وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان

رانا ثناء اللہ ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے، مذاکرات کے کسی مرحلے میں یہ شریک نہیں تھا:خرم نواز گنڈاپور
رانا ثناء اللہ جے آئی ٹی کی جعلی رپورٹ پر ہونے والی تنقید سے گھبرا کر ڈیل کی افواہیں اڑا رہا ہے

لاہور (12 جون 2015) حکومت سے ڈیل کی الزام تراشی کرنے پر پاکستان عوامی تحریک نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں انہیں لیگل نوٹس بھجوایا جائے گا۔ یہ اعلان پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وکلاء اور قانونی ماہرین سے ملاقات کے بعد کیا۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی قاتل ہے اسے پتہ ہے کہ جلد یا بدیر اس کا مقدر جیل کی کوٹھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے پورے عمل میں رانا ثناء اللہ شامل نہیں تھا جن وفاقی وزراء کے ساتھ مذاکرات ہوئے ان میں سے کوئی شخص ایسی بات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ میں رتی برابر بھی شرم ہے تو وہ ڈیل کی تفصیلات قوم کے سامنے لائے ورنہ اسے لیگل نوٹس کے ذریعے ایسے کرنے پر مجبور کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سینکڑوں کارکنان آج بھی دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کروائے گئے جھوٹے مقدمات میں ٹرائل ہو رہے ہیں، یہ کیسی ڈیل تھی جس میں ہم اپنے بے گناہ کارکنان پر سے جھوٹے مقدمات بھی ختم نہ کرواسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف بھی 40 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا وزیر قانون ایک جھوٹا اور سازشی شخص ہے اسی شخص کی وجہ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خونریزی ہوئی، بے گناہ 14 کارکن شہید ہوئے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی جھوٹی اور مضحکہ خیز رپورٹ پر ہونے والی تنقید اور اڑنے والے تمسخر سے گھبرائے ہوئے پنجاب کے یہ وزیر لاقانون ڈیل کی خبریں پھیلا کر جے آئی ٹی کی جلعسازی پر پردہ ڈالنے چاہتے ہیں۔

تبصرہ