ماڈل ٹاؤن کیس سے فیصلہ ہو گا کہ پاکستان میں قانون بالادست ہے یا شخصیات

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ایک سال، ڈاکٹر طاہرالقادری آج احتجاجی جلسہ سے خطاب کرینگے
احتجاجی اجتماع کی تیاریاں مکمل، تحریک انصاف، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی، ق لیگ
سنی اتحاد کونسل، جماعت اسلامی، ایم ڈبلیو ایم کو شرکت کی دعوت: ڈاکٹر رحیق عباسی

لاہور (15 جون 2015) سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ایک سال مکمل ہونے پر آج 16 جون شام 5 بجے پاکستان عوامی تحریک ایک بہت بڑا احتجاجی تعزیتی اجتماع منعقد کرے گی۔ احتجاجی اجتماع سے ڈاکٹر طاہرالقادری لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک براہ راست خطاب کرینگے۔ احتجاجی جلسہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جلسہ میں شرکت کیلئے تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، اے این پی، ق لیگ، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، آل پاکستان مسلم لیگ سمیت سول سوسائٹی، انسانی حقوق اور وکلاء کی تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک قومی سانحہ ہے اس کیس سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے فیصلہ ہو جائے گا کہ پاکستان میں قانون بالادست ہے یا شخصیات۔ 17 جون 2014 کے دن 14 معصوم اور بے گناہ شہریوں کو شہید اور 85 کو زخمی کر دیا گیا۔ ایک سال گزر جانے کے بعد بھی شہداء کے لواحقین کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آر پر تفتیش کا آغاز بھی نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جے آئی ٹی کی نام نہاد رپورٹ کے بعد یکم جون سے لیکر 14 جون تک پاکستان کے 60 شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں میں عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کے علاوہ سول سوسائٹی، عوامی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوامی حلقوں کی بھرپور شرکت اور اخلاقی مدد سے ہمارے حوصلے بڑھے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک قومی ایشو ہے پاکستان بھر کے عوام کی نظریں اس سانحہ پر لگی ہوئی ہیں۔ قاتل کتنے ہی چالاک، با اثر اور دولتمند سہی مگر یہ بے گناہ خون ہے رائیگاں نہیں جائے گا، انہوں نے کہا کہ آج 16جون کو عوام کی عدالت قاتلوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنائے گی۔

تبصرہ