رمضان المبارک امت مسلمہ کو خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے، رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو، ڈاکٹر طاہرالقادری

رمضان المبارک فیوض وبرکات اور انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے‎
ضبط نفس اور ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں
صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کئے جائیں
رمضان المبارک دین کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے‎

Dr Tahirul Qadri's congratulation to Muslim Ummah on Ramadan ul Mubarak

لاہور (18 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ماہ صیام کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رحمت و مغفرت کا مبارک مہینہ سایہ فگن ہو چکا ہے۔ ماہ صیام کو اللہ کریم نے نزول قرآن اور رسول رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ قرار دیا ہے، ملت اسلامیہ کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔ رمضان المبارک فیوض وبرکات اور انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے۔ یہ دین کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رمضان المبارک کو صبر و ضبط اور ایثار کا مہینہ قرار دیا ہے۔ ضبط نفس اور ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد ہو چکی ہے اور ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ رحمت اور برکت کے اس بہتے دریا سے کس طرح زیادہ سے زیادہ جھولیاں بھر سکتے ہیں، نیکیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ 30دن کی مشق سے اپنی شخصیت کے اندر نکھار پیدا کر سکتے ہیں۔ استقبال رمضان کی تیاری کریں اور پھر دوران رمضان خیر اور بھلائیاں سمیٹیں اور اپنے اندر ایک نیا انسان دریافت کریں۔ رمضان المبارک امت مسلمہ کو خود احتسابی کا عظیم درس دیتا ہے۔ صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ صرف بھوکا پیاسا رہ کر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ اسلام، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کیلئے ریاضت کا آغاز کرنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مفلوک الحال طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصدمیں سے اہم ترین مقصد ہے۔ معاشرے سے غربت، افلاس، بھوک، بد امنی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور بہترین کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آئے تو رب کے آگے ہاتھ پھیلا دیں، صلوۃ الحاجات ادا کریں اور اللہ تعالیٰ سے رمضان المبارک کی با برکت ساعتوں میں فضل و رحم کی دعائیں مانگیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جس طرح بہار کی آمد سے موسم بد ل جاتا ہے اس طرح رمضان کی آمد سے ماحول بد ل جاتا ہے۔ مسلم معاشرے پر نظم و ضبط کا رنگ چڑھ جاتا ہے۔ سحری کے لمحے بڑے دلآویز اور افطار کے مناظر بڑے ایمان افروز ہوتے ہیں۔

تبصرہ