میٹرو بس منصوبے وقت پر مکمل ہو سکتے ہیں تو بجلی کے کیوں نہیں؟ ڈاکٹر طاہرالقادری

کراچی سمیت ملک بھر میں شدید گرمی میں ہونے والی اموات پر دکھ ہے، حکمران نا اہل اور بے حس ہیں
‎8 سوارب گردشی قرضہ کی ادائیگی اور 50فی صد بجلی مہنگی کرنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کنٹرول میں کیوں نہیں‎
ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود نا اہل حکمران توانائی کے بحران پر قابو نہ پا سکے، ٹیلی فون پر گفتگو

لاہور (22 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور لو ڈشیڈنگ کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی اموات پر دلی افسوس ہے اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ میٹرو بس کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہو سکتے ہیں تو بجلی کے منصوبے کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ افسوس عالمی سطح پر پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکمران توانائی بحران پر قابو نہ پا سکے۔ وہ گزشتہ روز لندن سے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی جانی نقصان پر مقدمات بے حس حکمرانوں کے خلاف درج ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان وزیراعظم، ایوان صدر اور ایوان وزرائے اعلیٰ لوڈ شیڈنگ فری ہیں۔ اس لئے حکمرانوں کے کانوں تک عوام کی چیخیں نہیں پہنچ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے روزہ داروں اور عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ حکمرانوں نے 6 ماہ میں بجلی کا بحران ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا اب ہر روز ایک نئی تاریخ دے رہے ہیں۔ ان کے پاس توانائی کے بحران کا حل یا کو ئی پالیسی ہوتی تو روز قوم کے سامنے نیا جھوٹ نہ بولتے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران خدا کا خوف کریں وہ عوام کو کس بات کی سزا دے رہے ہیں؟ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 8 سو ارب کا گردشی قرضہ ادا کرنے، بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں 50فی صد اضافہ کرنے اور جی بھر کے اووربلنگ کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کنٹرول کیوں نہیں ہو رہی ۔‎

تبصرہ