شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل

تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں فرزندانِ توحید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معیت میں اعتکاف بیٹھنے کے لئے 14 اکتوبر 2006 بروز ہفتہ جامع المنہاج بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور پہنچیں گے۔ اس اعتکاف کی خاص بات یہ ہے کہ مردوں کے علاوہ ہزارہا کی تعداد میں خواتین بھی اعتکاف بیٹھیں گی۔ حرمین شریفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا اجتماعی اعتکاف تحریک منہاج القرآن منعقد کرتی ہے۔ جس میں یورپ، خلیج، امریکہ، آسٹریلیا، ڈنمارک، ناروے اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے نوجوانوں کی بڑی تعداد اعتکاف بیٹھتی ہے۔

سندھ، بلوچستان اور بیرون ملک سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے مطابق انتظامیہ نے ہزاروں افراد کی شرکت کے پیش نظر معتکفین و معتکفات کے لئے رہائش اور دیگر سہولتوں کے علاوہ سیکورٹی کے بھی بہتر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی خطابات ہونگے اس کے علاوہ اجتماعی طور پر ذکر و نعت کی محافل کا انعقاد بھی ہو گا۔ اعتکاف کے دوران طاق راتوں میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ نظم کے مطابق تمام معتکفین کو شہری حلقوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر حلقہ کا امیر اس شہر کے معتکفین کے معمولات کا ذمہ دار ہو گا۔

تبصرہ