کراچی میں ضرب امن کنونشن


تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام میگا ٹریننگ کنونشن 5 فروری 2017ء کو منعقد ہوا، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر مظہر علوی نے عوامی یوتھ ونگ کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا۔ کنونشن میں سیف اللہ بھنگر، نعیم انصاری، عتیق چشتی، رانا اسلم، صفدر قریشی، راو کامران، قیصراقبال قادری اور الیاس مغل نے بھی شرکت کی۔

مظہرعلوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امن پسندی کے فروغ کے لے لئے دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ ضروری ہے۔ 2003 سے اب تک 70 ہزار پاکستانی دہشت گردی کی نذر ہوچکے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی یوتھ کے پلیٹ فارم پر ڈاکٹر طاہرالقادری ضرب امن کے ذریعے ایسے افراد مہیا کرناچاہتے ہیں جس سے معاشرے میں امن وآشتی کا پیغام پاکستان کے کوچے کوچے میں پھیل جائے۔

انہوں نے کہا پاک فوج نے انتہا پسندوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب ضرورت اس امرکی ہے کہ انتہا پسندانہ سوچ کے خاتمے کے لئے ذہن سازی کی جائے۔ اگرغلط سوچ کونظریاتی محاذ پر ختم نہ کیا گیا تو پاک فوج کی قربانیا ں رائیگاں چلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضرب امن کواون کرنا ہوگا۔ معاشرے کے ہرفرد کوامن سیکھناہوگا اورلوگوں تک اس کا پیغام گھرگھر پہنچانا ہوگا۔

تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ ہمارے حکمران خودہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں بلکہ ان کے سرپرست ہیں۔ الیکشن میں انہی کی مدد سے حکومت کرتے ہیں۔ چند سے سال پہلے ایک حکمران ڈالرکے عوض دہشت گرد بیچتا تھا اور موجودہ حکمران ڈالروں اور ریالوں کی عوض دہشت گردی کوفروغ دے رہے ہیں۔ یہ حکمران انصاف کے قاتل ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کراچی کے ناظم ایم جے قادری نے کہا کہ موجودہ نظام تعلیم تین حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ مولوی اور مسٹر کی الگ الگ کلاس وجود میں آرہی ہے۔ جس سے انتہا پسندی اور تنگ نظری پھیل رہی ہے۔ مدرسوں کا آڈٹ نہیں ہورہا ہے۔ 99 فیصد مدرسوں کا آڈٹ نہیں ہوتا۔ یوتھ لیگ کے صدر فہیم خان نے کہا اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کے صدر فیضان احمد نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے سیاست کا خاتمہ کیا جائے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر رانی ارشد نے کہا کہ حقیقی جمہوریت اور امن کے فروغ کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے دو دھرنے دئیے۔ کارکنان نے جان بھی دی اور مال بھی دیا۔ ایم ایس ایم کراچی سسٹرز کی جنرل سیکریٹری منیبہ نصیر نے کہا کہ خواتین کوفروغ امن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تبصرہ