آل پارٹی یوتھ کانفرنس 10 اکتوبر کو منعقد ہو گی

عوامی تحریک یوتھ ونگ میزبانی کرے گی، نیشنل یوتھ الائنس بنانے پر غور ہو گا
پی ٹی آئی، ق لیگ، اسلامی جمیعت طلبہ، اے ٹی آئی، پیپلز پارٹی سمیت 25 یوتھ تنظیمیں شریک ہونگی

لاہور (9 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام 10 اکتوبر کو مرکزی سیکرٹریٹ میں آل پارٹی یوتھ کانفرنس منعقد ہو گی۔ اس کانفرنس میں پی ٹی آئی، ق لیگ، اسلامی جمیعت طلبہ، اے ٹی آئی، پیپلز پارٹی، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، ایم کیو ایم، ایم ایس ایف سمیت 25 طلبہ تنظیموں کے مرکزی صدور و سینئر عہدیدار شریک ہوں گے۔

عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ عوامی تحریک نے سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگز کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔25 طلبہ و یوتھ تنظیمات نے شرکت کی دعوت قبول کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ختم نبوت کے حلف نامہ میں تبدیلی، نا اہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کیلئے قانون سازی، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور نیشنل یوتھ الائنس تشکیل دینے کے ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔ اے پی سی 3 بج کر 30 منٹ پر 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں شروع ہو گی۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔ حکومت لاقانونیت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان اس ساری صورتحال سے خود کو الگ تھلگ نہیں رکھ سکتے۔ عوامی تحریک یوتھ قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی۔

تبصرہ