نیشنل یوتھ الائنس کیلئے 25 جماعتوں کے یوتھ ونگز کا اجلاس 22 اکتوبر کو ہو گا

پاکستان کے استحکام، امن اور فروغ علم کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر چلنا ہو گا: مظہر محمود علوی

لاہور (16 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں متحرک قومی سیاسی کردار کی ادائیگی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کررہے ہیں ۔ اس ایجنڈے کے تحت 25 سیاسی و مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کا اہم اجلاس 22 اکتوبر کو عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یوتھ کے اتحاد اور متفقہ لائحہ عمل کے حوالے سے ہم نے جن کوششوں کا آغاز کیا تھا اس کا مثبت جواب مل رہا ہے اور تمام جماعتوں کی یوتھ محسوس کررہی ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان پاکستان کے استحکام، امن اور فروغ علم کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ 22 اکتوبر کے اجلاس میں نیشنل یوتھ الائنس کے قیام اور غرض و غایت کے حوالے سے جماعت امور پر مشاورت ہو گی۔ اس ضمن میں 25 جماعتوں کے یوتھ رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں چودھری علی رضا نت، سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل انعام مصطفوی، نائب صدر ملک وقار قادری و دیگر مرکزی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف انتظامی کمیٹیوں کی ورکنگ کا جائزہ بھی لیا گیا۔

تبصرہ