25 مذہبی و سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگ آج ’’نیشنل یوتھ الائنس ‘‘ کے قیام کا اعلان کریں گے

موجودہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر کے قوم کو آکسیجن ٹینٹ میں رکھا ہوا ہے: مظہر علوی
کرپٹ حکمرانوں کی اگلی نسلیں بھی مکروہ سوچ کی حامل ہیں، صدر PAT یوتھ ونگ
آج ’’نیشنل یوتھ الائنس ‘‘ کے قیام کیلئے 25 جماعتوں کی یوتھ و طلباء تنظیمات کا اہم اجلاس ہوگا

لاہور (21 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام25 بڑی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے یوتھ ونگ کے اتحاد کے سلسلے میں تقریب آج مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوگی۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگ کے رہنماء تقریب میں شرکت کریں گے۔ ملک بھر کی یوتھ اور سٹوڈنٹس تنظیمات پر مشتمل’’ نیشنل یوتھ الائنس‘‘ کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ تقریب کی تیاریاں اور انتطامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

’’ نیشنل یوتھ الائنس‘‘ کے سلسلے میں ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ یوتھ ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر علوی نے کہا ہے کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ ملک بھر میں نوجوانوں کی علمی، سیاسی، روحانی، فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے۔ نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر پر سکون اور بامقصد زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھارہی ہے۔ ملکی ترقی میں طلباء اور نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ قوم کے ان معماروں کی اخلاقی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان ملک کے استحکام، امن اور فروغ علم کے لیے مل کر مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ آج ’’نیشنل یوتھ الائنس ‘‘ کے قیام اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے 25 جماعتوں کے یوتھ ونگ کے اجلاس میں اہم مشاورت اور فیصلے ہونگے۔ اجلاس ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

مظہر محمود علوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خوشی ہے کہ ہماری کوششوں کا ہمیں مثبت جواب مل رہا ہے۔ 25 سے زائد یوتھ اور سٹوڈنٹس تنظیمات کے رہنماؤں نے 22 اکتوبرکے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر کے قوم کو آکسیجن ٹینٹ میں رکھا ہوا ہے۔ حالت یہ ہے کہ ملک رینگ رہا ہے چل نہیں رہا۔ ملک کا نظام اور نام نہاد جمہوریت چند شخصیات کی جیب میں ہے، کرپٹ حکمرانوں کی اگلی نسلیں بھی مکروہ سوچ کی حامل ہیں۔ قا تل اور کرپٹ حکمران اب بچ نہیں سکتے، انہیں ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چل رہی ہے مگر ملک نہیں چل رہا، دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، مہنگائی، بد امنی، بیروزگاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی نوجوان عدم تحفظ کا شکار ہیں، عوامی تحریک یوتھ ونگ نوجوانوں کے اتحاد، حقیقی جمہوریت اور صاف ستھری سیاست کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ برائی کی قوتیں زور پکڑ چکی ہیں۔ نوجوان بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں، مثبت سوچ رکھنے والی نیکی کی قوتوں کو رفتار تیز کرنا ہو گی۔ نوجوانوں کی اصلاح کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

تبصرہ