میانوالی: منہاج القرآن یوتھ لیگ کی قائد ڈے تقریب 'Dr.Qadri Round The Globe'

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 11 فروری 2018 کو میانوالی میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب بعنوان ’’Dr. Qadri Round The Globe‘‘ منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے۔

تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان، تحریک منہاج القرآن کے نائب اعلٰی رانا محمد ادریس قادری، پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد للہ، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، نائب صدر عمر قریشی، سیکرٹری جنرل منصور اعوان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل انعام مصطفوی، سیکرٹری انفارمیشن چوہدری علی رضا نت، منہاج یوتھ لیگ شمالی پنجاب کے صدر عرفان نیازی، جنرل سیکرٹری زین العابدین، منہاج القرآن ویمن لیگ شمالی پنجاب کی نگران ارشاد اقبال، طاہرہ بتول سمیت تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور منہاج یوتھ لیگ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عوامی حقوق کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہمارا طبقاتی نظام ہے۔ حقوق نہ دیئے گئے تو عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان پر ہوگا۔ آج چوکوں چوراہوں پر لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور نظامِ عدل کی پیچیدگیوں کی وجہ سے لوگ انصاف نہیں لے پا رہے۔ مقتولوں کے ورثاء دیت لیکر اپنے پیاروں کا خون بیچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن شہداء کے ورثاء کی ہمت کو داد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمارے معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں جو دھن اور دھونس کو خاطر میں نہیں لائے اور انصاف کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کا یہی جذبہ ہمارے اندر انقلاب کے یقین کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن ایک عالمگیر تحریک ہے اور اس کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی راہنما ہیں۔ مصطفوی انقلاب کا سویرا اسی قائد اور انہی کارکنوں کے ہاتھوں طلوع ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام کی 67 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ان کی درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ