ملک کی خوشحالی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا: خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن یوتھ لیگ نے امن، محبت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد کی : سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سیکرٹری جنرل پی اے ٹی; کو سٹڈی سرکل پیک کا تحفہ دیا

لاہور (21 جون 2019) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، نوجوان ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، منہاج القرآن یوتھ لیگ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شانہ بشانہ اصلاح معاشرہ، قیام امن اور تعمیر وطن کی جدوجہد میں شریک ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں بیک وقت مذہبی، اخلاقی، تعلیمی، سماجی اور سیاسی کاموں میں شریک ہو کر نوجوان ملک و قوم کی بہترین خدمت کر سکتے ہیں، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کے امن و محبت کو عام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، اخلاق، کردار، محبت، امن علم منہاج القرآن یوتھ لیگ کا طرہ امتیاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی قیادت میں آئے، وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر منصور قاسم اعوان، محمد ذیشان اور محسن شہزاد بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ہمیشہ امن، محبت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد کی ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ ایک ایسا پرامن پلیٹ فارم ہے جس میں شامل ہو کر نوجوان تعمیر وطن کی عظیم جدوجہد اور معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہر زندہ قوم تحریک اور نظریہ نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیتا ہے، افکار و نظریات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہمیشہ نوجوان طبقے نے ہی بنیادی کردار ادا کیا ہے، نوجوان بلند حوصلوں کے پیکر، جہد مسلسل اور جفا کشی کاعملی نمونہ ہوتے ہیں۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کو منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سٹڈی سرکل پیک کا تحفہ دیا، اس موقع پر انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کا یہ نصاب نوجوانوں کی فکری، نظریاتی، اخلاقی تربیت کیلئے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی چار کتابوں پر مشتمل ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اس اقدام کو خوب سراہا اور کہاکہ نوجوان طبقہ ملک و قوم کا سرمایہ اور کل آبادی کا 60فیصد ہے، یقینا یہ نصاب نوجوانوں کی علمی، روحانی، اخلاقی اور تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تبصرہ

تلاش کریں

تازە ترین

مشہور خبریں