ملک کے تمام اضلاع میں بلدیاتی کنونشن منعقد کئے جائیں گے: عوامی تحریک یوتھ ونگ

وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے یوتھ کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے: مظہر محمود علوی
نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور اظہار رائے کی آزادی چاہیے: مرکزی صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ
سنٹرل یوتھ کونسل کے اجلاس سے منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن مشتاق، محسن شہزاد مغل کا خطاب

لاہور (22 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی سنٹرل یوتھ کونسل کا اجلاس مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی زیرصدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیدران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام ملک کے تمام اضلاع میں بلدیاتی کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے نوجوان بھرپور حصہ لیں گے جس کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ملک کے تمام اضلاع میں یوتھ بلدیاتی کنونشن بھی اسی سلسلے میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی کنونشن میں ہر یونین کونسل سے نوجوانوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی یوتھ انتہائی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرکے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں، اس لیے پاکستان کے باشعور نوجوانوں کو وطن عزیز کے امن و امان کے قیام و استحکام کیلئے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، محسن مشتاق، محسن شہزاد مغل و دیگر رہنما موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقیقی مسائل اور عوام دشمن نظام کی تبدیلی کی بات کی ہے۔ ملک کے 22 کروڑ لوگوں میں سے 15 کروڑ نوجوان ہیں۔ ان نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور اظہار رائے کی آزادی چاہیے اور یہ سب کچھ عملی اور ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ایک ایسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ نوجوانوں کے حقوق کی بات کی ہے اور عوام کے حق حکمرانی کے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ نے ہمیشہ بے خوف ہو کر عوام دشمن نظام کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کریں۔ نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں کی بدولت بلدیاتی الیکشن میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔

تبصرہ