امید ہے نگران حکومت مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دے گی: چودھری سرور

الیکشن کے انعقاد کی تاریخ پر ابہام ہے، معاملات آئین کے مطابق چلنے چاہئیں
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو
سابق گورنرنے خرم نواز گنڈا پور، میاں عمران مسعود، بابر بٹ، رانا وحید شہزاد کے ہمراہ پودے لگائے

Press Release MYL

لاہور (11 اگست 2023) منہاج القرآن یوتھ لیگ کی طرف سے شجر کاری مہم کے آغاز پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے شکار ملکوں میں سر فہرست ہے۔ بچاؤ کا واحد حل یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ پروفیسرڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیت یافتہ نوجوانوں نے آزادی کے مہینے میں شجر کاری مہم کا جو آغاز کیا ہے اس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

چودھری محمد سرور نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سابق صوبائی وزیرتعلیم میاں عمران مسعود، تاجر رہنما بابر بٹ اور منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کے بالمقابل پارک میں درخت لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملائشیا شجر کاری مہم کی وجہ سے آج دنیا میں پام آئل کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بنا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر رانا وحید شہزاد نے کہا کہ ہم نے ملک بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھے ہیں کہ منہاج یوتھ لیگ کی 90 اضلاع میں فعال تنظیمیں ہر ضلع میں یوتھ لیگ کے نوجوان شجر کاری مہم میں رضا کارانہ خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں۔

سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ پاکستان کا محفوظ اور پائیدار مستقبل شجر کاری سے جڑا ہے، نوجوان شجر کاری مہم میں بھر پور حصہ لیں۔ چودھری محمد سرور نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے نگران حکومت مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کرے گی۔ پچھلے 5 سال عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف ملی، الیکشن کب ہونے ہیں اس بارے وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دنیا کے کسی اور ملک میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ابہام نہیں ہوتا، میں سمجھتا ہوں ملک آئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیے۔ میرٹ کے نظام سے معاشی استحکام آئے گا۔ 22 فی صد شرح سود کے ساتھ کیا کاروبار ہو گا؟

اس موقع پر راجہ زاہد محمود، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ عمران یونس، سردار عمر دراز خان، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق و دیگر رہنما موجود تھے۔

Press Release MYL

تبصرہ