اہم خبریں

ہاکی ٹیم کی فرانس کے خلاف شاندار فتح، نوجوانوں کے لیے نئی امید: ڈاکٹر عمران یونس

وسائل کی کمی کے باوجود جذبے کی فتح ہوئی ٹیم کو مبارک باد: سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ
جیت شاندار واپسی ہے، ہاکی کی پھر سے سکولوں، کالجوں میں سرپرستی کی جائے

ہاکی ٹیم کی فرانس کے خلاف شاندار فتح، نوجوانوں کے لیے نئی امید: ڈاکٹر عمران یونس

منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمران یونس نے پاکستان ہاکی ٹیم کی فرانس کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فتح صرف ایک میچ کی جیت نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے کہ اگر جذبہ ہو، ولولہ ہو اور قیادت مضبوط ہو تو وسائل کی کمی بھی رکاوٹ نہیں بنتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے ایک وقت تھا پاکستان کی ہاکی ٹیم کا کھیل کے میدانوں پر راج تھا اور دنیا بھر کے شائقین مایہ ناز کھلاڑیوں کا کھیل بڑے شوق سے دیکھتے تھے پھر انہیں کاپی کرتے تھے، مگر فیڈریشن، حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث یہ کھیل پیچھے چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے خلاف نیشنز کپ میں پاکستانی ٹیم کی جیت شاندار واپسی ہے۔ ڈاکٹر عمران یونس کا کہنا تھا کہ یہ جیت بتاتی ہے کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو وسائل اور توجہ دی جائے تو وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو معاشی تحفظ نہ ملنے کی وجہ سے یہ ہاکی کھیل تقریباً ختم ہو گیا ہے، لیکن اس کے باوجود بھی نوجوانوں نے ثابت کیا کہ قومی جذبہ پیسوں سے بڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کرکٹ، بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ہر سال منعقد کرتی ہے اور اب ہاکی کو بھی باقاعدہ فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکولوں اور کالجوں میں ہاکی کو دوبارہ متعارف کرانا ہوگا تاکہ نوجوان بچپن سے ہی اس کھیل کی طرف مائل ہوں۔

ڈاکٹر عمران یونس نے پاکستانی گول کیپر نجیب اللہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے آخری پینلٹی روک کر پاکستان کو فائنل تک پہنچایا۔ ٹیم کے کپتان، کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ قومی کھیل ہاکی کو بھی اجاگر کرے تاکہ ہاکی ایک بار پھر پاکستانی نوجوانوں کی ترجیح بنے۔

تبصرہ