حکمرانوں نے نوجوانوں کو بے روزگاری اور مایوسی دی: عوامی تحریک یوتھ ونگ

دنیا کی سو یونیورسٹیوں میں ایک بھی پاکستان کی نہیں :منصور قاسم اعوان
نظام تعلیم 60 سال پرانا، قومیں پلوں، سڑکوں سے نہیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں
پنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور آزاد کشمیر سے آئے وفود سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو

لاہور (یکم اکتوبر 2016) عوامی تحریک یوتھ ونگ کے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے کہا ہے کہ ملک دشمن حکمرانوں نے کروڑوں نوجوانوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کررکھا ہے۔ حکمران نوجوانوں کو سستی معیاری تعلیم، روزگار، ان کیلئے لیپ ٹاپ اور سولر لیمپ تقسیم کے سیاسی ڈرامے ناکام ہو چکے، عالمی ادارے قرار دے چکے کہ پاکستان کا نظام تعلیم 60 سال پرانا ہے اور دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں پاکستان کی ایک بھی شامل نہیں، قومیں پل اور سڑکیں بنانے سے نہیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں۔ اگر اس ملک کوخوشحالی کی راہ پر چلانا ہے تو نوجوان ان قاتل حکمرانوں اور فرسودہ نظام کے خلاف متحد ہو جائیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور آزاد کشمیر سے آئے یوتھ لیگ کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پرعصمت علی، محمد رضا طاہر، شعیب مغل، حاجی فرخ اور حافظ عمر بھی موجود تھے۔

منصور قاسم اعوان نے کہا کہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو خودکشیوں، بیروزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ وقت آگیا ہے کہ نوجوان اپنی ذمہ داریوں کو پہنچانتے ہوئے موجودہ نظام اور ظالم حکمرانوں کے خلاف انفرادی، اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ پانامہ کے کرپٹ کردار ملک کی بد نامی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، بیروزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے نوجوانوں کو نفسیاتی مریض بنادیا ہے۔ حکومت نے ساڑھے تین سال میں نوجوانوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔ نوجوانوں کو موجودہ حکمرانوں سے توقع رکھنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے خود اختیار و اقتدار کا مالک بننا ہو گا۔ بصورت دیگر یہی اندھیرا، مایوسی اور ظالم حکمران انہیں جینے نہیں دینگے اور نہ ہی آگے بڑھنے دینگے۔ نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ان کا ساتھ دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد ملک کو باوقار مقام دلانے کی منزل تک لے جائیگی۔

تبصرہ