عوامی تحریک یوتھ ونگ کا 29 واں یوم تاسیس 30 نومبر کو منایا جائیگا

مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیلی تنظیمات تکمیل پاکستان کے عنوان سے تقاریب منعقد کریں گی
عوامی تحریک یوتھ ونگ نوجوانوں کو بامقصد زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھارہی ہے: مظہر محمود علوی

لاہور (14 نومبر 2017 ) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کا اہم اجلاس مرکزی صدر مظہر محمود علوی کی زیرصدارت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری منصور قاسم اعوان، ملک وقار، عصمت علی، عزیز سبحانی، انعام مصطفوی، حاجی فرخ ، عمر اعوان اور یوتھ ونگ کے مرکزی صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ کا 29 واں یوم تاسیس 30 نومبر 2017ء کو ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا جائیگا۔ اس موقع پر سیمینارز، امن واک، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر کی مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیلی تنظیمات تکمیل پاکستان کے عنوان سے تقاریب منعقد کریں گی، یہ تقاریب تکمیل پاکستان یوتھ کنونشنز ، سیمینارز، کانفرنسز، واک اور ریلیوں کی صورت میں ہوں گی، تقاریب میں حصول پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کے سفر کے لیے نوجوانوں کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی جائیگی۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کی 29 سالہ جدوجہد میں منہاج القرآن ، عوامی تحریک اور یوتھ ونگ کے سینئر قائدین ، کارکنان اور وابستگان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ یوم تاسیس کی تقریبات میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا اور عہد کیا جائیگا کہ انصاف کے حصول تک عوامی تحریک یوتھ ونگ چین سے نہیں بیٹھے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر یوتھ ونگ مظہر محمود علوی نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر پر سکون اور بامقصد زندگی گزارنے کا ڈھنگ سکھارہی ہے۔ نوجوانوں کی علمی، سیاسی، سماجی، روحانی اور فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں حقیقی جمہوریت اور صاف ستھری سیاست کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

تبصرہ